لاہور:وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیرِ صدارت صوبے میں امن و امان کی مجموعی صورتحال سے متعلق ایک اہم اور اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں سیکیورٹی خدشات، احتجاجی مظاہروں اور غیر قانونی مقیم غیر ملکیوں کے انخلاء سمیت دیگر اہم سیکیورٹی اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کے دوران وزیراعلیٰ کو صوبے کی موجودہ سیکیورٹی صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔ مریم نواز شریف نے واضح کیا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ وزیراعلیٰ نے صوبہ بھر میں سرویلنس (نگرانی) کے نظام کو مزید جدید اور فعال بنانے کا حکم دیا۔ مشکوک عناصر کے خاتمے کے لیے کومبنگ آپریشنز کو مستقل بنیادوں پر جاری رکھنے کی ہدایت کی گئی۔
ذرائع کے مطابق، اجلاس میں شرپسند عناصر کے خلاف گھیرا تنگ کرنے کے لیے اہم فیصلے کیے گئے۔ وزیراعلیٰ نے حکم دیا ہے کہ فورتھ شیڈول میں شامل افراد اور دیگر مشکوک سرگرم افراد کی کڑی مانیٹرنگ کی جائے اور ان کی نقل و حرکت پر نظر رکھی جائے۔
غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکی باشندوں کے انخلاء کے عمل کو تیز کرنے اور اس حوالے سے فول پروف سیکیورٹی یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی۔اجلاس میں حالیہ احتجاجی مظاہروں اور ممکنہ سیکیورٹی خدشات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ قانون ہاتھ میں لینے والے عناصر کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے۔