پنجاب میں سیکیورٹی ریڈ الرٹ: دہشت گردی کے خطرات کے پیشِ نظر دفعہ 144 نافذ، ہر قسم کے اجتماعات پر پابندی

پنجاب میں سیکیورٹی ریڈ الرٹ: دہشت گردی کے خطرات کے پیشِ نظر دفعہ 144 نافذ، ہر قسم کے اجتماعات پر پابندی

لاہور:خطے کی کشیدہ صورتحال اور دہشت گردی کے ممکنہ خطرات کے پیشِ نظر محکمہ داخلہ پنجاب نے صوبہ بھر میں دفعہ 144 نافذ کر دی ہے۔ اس فیصلے کا مقصد امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنا اور شہریوں کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنانا ہے۔
محکمہ داخلہ پنجاب کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق  لاہور سمیت پنجاب بھر میں ہر قسم کے اجتماعات، جلوسوں، جلسوں اور احتجاجی مظاہروں پر 7 دن کے لیے مکمل پابندی عائد ہوگی۔ لائسنس یافتہ اور بغیر لائسنس ہر قسم کے اسلحے کی نمائش اور اسے ساتھ لے کر چلنے پر سخت پابندی لاگو ہوگی۔نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ یہ اقدام انٹیلی جنس رپورٹس کی روشنی میں اٹھایا گیا ہے جن کے مطابق:
حساس اجتماعات اور عوامی مقامات دہشت گردی کا آسان ہدف بن سکتے ہیں۔دشمن عناصر امن و امان کی صورتحال کو خراب کرنے کے لیے عوامی ہجوم کا فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔
حکومتِ پنجاب نے پولیس اور ضلعی انتظامیہ کو حکم دیا ہے کہ دفعہ 144 کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف فوری اور سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔ شہریوں سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ غیر ضروری اجتماعات سے گریز کریں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ تعاون کریں۔

ٹیگز: