لاہور :صوبائی دارالحکومت لاہور میں سموگ کا روگ ایک بار پھر سر اٹھانے لگا ہے۔ فضائی آلودگی کی بگڑتی ہوئی صورتحال کے باعث لاہور نے آج ایک بار پھر دنیا کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں پہلی پوزیشن حاصل کر لی ہے۔ شہر کا مجموعی ایئر کوالٹی انڈیکس (AQI) 281 ریکارڈ کیا گیا، جو انسانی صحت کے لیے انتہائی خطرناک ہے۔
شہر کے مختلف حصوں میں فضائی آلودگی کی شرح انتہائی تشویشناک رہی۔ برکی روڈ، یہاں فضائی آلودگی کی سب سے بلند شرح 361 ریکارڈ کی گئی۔ ڈی ایچ اے فیز 5، ایئر کوالٹی انڈیکس 283 تک پہنچ گیا۔ ماڈل ٹاؤن اور بیدیاں روڈ،دونوں علاقوں میں آلودگی کی شرح 244 رہی۔ سول سیکرٹریٹ، سرکاری مراکز اور اطراف میں انڈیکس 241 ریکارڈ ہوا۔کنٹونمنٹ میں 237 اور عسکری ٹین میں اے کیو آئی 205 ریکارڈ کیا گیا۔
طبی ماہرین نے سموگ کی اس خطرناک لہر کے پیشِ نظر شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ گھروں سے باہر نکلتے وقت ماسک کا استعمال یقینی بنائیں۔ آلودہ فضا کے باعث سانس کی بیماریاں، آنکھوں میں جلن اور گلے کی سوزش جیسی شکایات میں اضافہ ہو رہا ہے۔ بچوں اور بزرگوں کو خاص طور پر کھلی فضا میں ورزش یا گھومنے سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔