لاہور :وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر شہرِ لاہور کے قدیم اور گنجان آباد تجارتی مرکز نیلا گنبد میں ٹریفک اور پارکنگ کے دیرینہ مسئلے کو مستقل بنیادوں پر حل کرنے کے لیے اقدامات تیز کر دیے گئے ہیں۔ نیلا گنبد ری ماڈلنگ سائٹ پر تین منزلہ انڈر گراؤنڈ پارکنگ کا 80 فیصد تعمیراتی کام مکمل کر لیا گیا ہے۔
سیکرٹری ہاؤسنگ پنجاب نورالامین مینگل نے پراجیکٹ سائٹ کا دورہ کیا اور تعمیراتی معیار کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر ڈی جی ایل ڈی اے طاہر فاروق اور چیف انجینئر ٹیپا اقرار حسین نے سیکرٹری ہاؤسنگ کو تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ منصوبہ اپنی تکمیل کے آخری مراحل میں داخل ہو چکا ہے اور فنشنگ کا کام تیزی سے جاری ہے۔
جدید ترین پارکنگ: یہ منصوبہ تین زیرِ زمین منزلوں پر مشتمل ہے جو سینکڑوں گاڑیوں کی گنجائش فراہم کرے گا۔ پارکنگ سائٹ کی تکمیل سے نیلا گنبد، انارکلی اور مال روڈ سے ملحقہ سڑکوں پر ٹریفک کا دباؤ ختم ہو جائے گا۔ وزیراعلیٰ پنجاب کے وژن کے مطابق شہر کے کاروباری مراکز میں تجاوزات اور پارکنگ کے مسائل کو حل کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
سیکرٹری ہاؤسنگ نے کام کی رفتار پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو مقررہ مدت کے اندر پراجیکٹ مکمل کرنے کی سخت ہدایات جاری کیں تاکہ شہریوں کو جلد از جلد اس جدید سہولت سے مستفید ہونے کا موقع مل سکے۔