لاہور :وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر بسنت کے موقع پر کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے اور شہریوں کے تحفظ کے لیے جامع ایمرجنسی پلان جاری کر دیا گیا ہے۔ محکمہ ایمرجنسی سروسز پنجاب نے لاہور کے لیے اضافی وسائل اور نفری تعینات کرنے کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔
ترجمان ریسکیو 1122 کے مطابق، بسنت کے دوران شہر بھر میں درج ذیل وسائل ہائی الرٹ رہیں گے۔ 1200 سے زائد تربیت یافتہ ریسکیوئرز فیلڈ میں فرائض انجام دیں گے۔کسی بھی طبی امداد کے لیے 56 ایمبولینسز اہم شاہراہوں پر موجود ہوں گی۔
آگ لگنے کے ممکنہ واقعات سے نمٹنے کے لیے 24 فائر وہیکلز تعینات کی گئی ہیں۔ اندرون شہر کی تنگ گلیوں اور رش والے علاقوں کے لیے 300 ریسکیو موٹر بائیکس متعین کی گئی ہیں تاکہ بروقت رسپانس کو یقینی بنایا جا سکے۔
ایمرجنسی سروسز کے یہ تمام وسائل شہر کے اہم اور حساس مقامات پر پوزیشن سنبھالیں گے۔ وزیر اعلیٰ نے انتظامیہ کو سخت ہدایت کی ہے کہ پتنگ بازی کی دھاتی ڈور سے ہونے والے حادثات کے پیشِ نظر فوری طبی امداد کی فراہمی میں کوئی کسر نہ چھوڑی جائے۔