لاہور:زندہ دلانِ لاہور نے بسنت کا تہوار روایتی جوش و خروش سے منانے کے لیے تیاریاں تیز کر دی ہیں۔ تاہم، اس بار جشن کے ساتھ ساتھ انسانی جانوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے حکومتِ پنجاب کی جانب سے وضع کردہ سخت ایس او پیز (SOPs) پر بھی عمل کیا جا رہا ہے۔
مارکیٹوں میں پتنگوں کی فروخت کے لیے پہلی بار بار کوڈ اور سٹیمپ کا نظام متعارف کرایا گیا ہے۔ دکانداروں کا کہنا ہے کہ صرف وہی گڈے، تاوے اور پتنگیں فروخت کی جا رہی ہیں جن پر حکومت کی منظور شدہ اسٹیمپ اور بار کوڈ موجود ہے۔ بغیر بار کوڈ اور غیر منظور شدہ پتنگوں کی فروخت پر مکمل پابندی ہے۔
دکانداروں کے مطابق یہ اقدام اس لیے ضروری ہے تاکہ پتنگوں کی تیاری اور فروخت کے عمل کو مانیٹر کیا جا سکے اور غیر قانونی ڈور کے استعمال کو روکا جا سکے۔
دکانداروں اور شہریوں کا ماننا ہے کہ بسنت کے تہوار کو دیرپا اور کامیاب بنانے کے لیے حکومتی ضوابط پر عمل کرنا سب کے مفاد میں ہے۔ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ صرف منظور شدہ پتنگیں اور ڈور خریدیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے یا قانونی کارروائی سے بچا جا سکے۔