لاہور:حکومت پنجاب کی جانب سے شروع کردہ کسان کارڈ سکیم کے انتہائی مثبت اور انقلابی نتائج سامنے آنے لگے ہیں۔ صوبے بھر میں اب تک 8 لاکھ 32 ہزار سے زائد کاشتکاروں کو کسان کارڈ جاری کیے جا چکے ہیں، جس کے تحت 8 لاکھ 32 ہزار کاشتکاروں نے 2 ارب 54 کروڑ روپے کے زرعی قرضے کامیابی سے استعمال کیے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گندم کے حالیہ سیزن میں کاشتکاروں نے کسان کارڈ کے ذریعے 100 ارب روپے کے زرعی مداخل (کھاد، بیج اور ادویات) خریدے، جبکہ خریف کی فصل کے لیے بھی کاشتکاروں کو 90 ارب روپے فراہم کیے گئے ہیں۔ اسکیم کی کامیابی کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ کاشتکاروں نے اب تک 57 ارب روپے کی اقساط بروقت ادا کر دی ہیں، جبکہ 3 لاکھ کاشتکاروں نے کسان کارڈ کے ذریعے مزید 30 ارب روپے کے زرعی مداخل حاصل کیے ہیں۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے اپنے بیان میں کہا کہ کسان کارڈ کے ذریعے پنجاب کے کاشتکار کی قسمت بدل رہی ہے۔ انہوں نے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ "پنجاب کا کاشتکار اب کسی آڑھتی کا مقروض نہیں ہوگا، اور صوبے کے کسانوں کو خود مختار اور خوشحال دیکھنا میرا خواب ہے"۔ وزیراعلیٰ نے قرضوں کی بروقت ادائیگی پر کاشتکاروں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پنجاب کے کسانوں نے دیانت داری اور بروقت ادائیگی کی ایک شاندار مثال قائم کی ہے۔