لاہور/کراچی: عالمی یومِ آزادیِ صحافت کے موقع پر ملک کی اعلیٰ قیادت نے صحافی برادری کی خدمات کو سراہتے ہوئے آزاد میڈیا کو جمہوریت کے استحکام کے لیے ناگزیر قرار دیا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صحافیوں کے لیے "اپنے گھر" کے خواب کو پورا کرنے کا بھی اعلان کیا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے صحافتی برادری کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا ذمہ داری کے ساتھ آزادیِ صحافت ہی ایک مثالی جمہوری معاشرے کی پہچان ہے۔ انہوں نے آزادیِ اظہار کے لیے صحافیوں کی قربانیوں کو تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ آزاد اور خود مختار میڈیا ہی حقیقی طاقت ہے۔
مریم نواز نے خوشخبری سناتے ہوئے کہا کہ حکومت صحافی برادری کے لیے "اپنے گھر" کا خواب پورا کرنے کے لیے بھرپور کوششیں کر رہی ہے۔وزیراعلیٰ سندھ نے اپنے بیان میں اظہارِ رائے کی آزادی پر زور دیتے ہوئے کہا آزاد صحافت جمہوریت کی بقا کے لیے آکسیجن کی حیثیت رکھتی ہے۔ صحافت کے بغیر ایک شفاف اور جوابدہ معاشرے کا تصور ممکن نہیں ہے۔
گورنر سندھ نے صحافت کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا صحافت ریاست کا چوتھا ستون ہے جو نظام کے توازن کو برقرار رکھنے میں کلیدی کردار ادا کرتی ہے۔ جمہوریت کی مضبوطی کے لیے میڈیا کا فعال اور آزاد ہونا ضروری ہے۔