گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان سے لاہور کی کاروباری شخصیات کی ملاقات، تاجروں کے مسائل حل کرنے کا عزم

گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان سے لاہور کی کاروباری شخصیات کی ملاقات، تاجروں کے مسائل حل کرنے کا عزم

لاہور : گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان سے لاہور کی کاروباری شخصیات کی ملاقات ہوئی، جس میں تاجروں نے اپنے مسائل اور کاروباری ماحول سے متعلق خدشات سے آگاہ کیا۔

ملاقات کے دوران گورنر پنجاب نے کہا کہ کاروباری برادری کو اعتماد میں لیے بغیر پالیسیاں بنانا غلط ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کا کام تاجروں کو مشکلات میں ڈالنا نہیں بلکہ مسائل سے نکالنا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ لاہور تجارتی سرگرمیوں کے لیے دنیا میں مشہور ہے اور تاجروں کا ملکی معیشت میں اہم کردار ہے، جس کا ساتھ دینا حکومت کی ذمہ داری ہے۔

گورنر نے پیپلز پارٹی کی حکومت کے دوران کاروباری برادری کی حمایت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ تاجروں، سرکاری ملازمین، مزدوروں اور کاشتکاروں کے ساتھ کھڑا رہ کر ملکی ترقی میں کردار ادا کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دنیا پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے آ رہی ہے اور حکومت کو سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنا چاہیے۔

کاروباری شخصیات نے اس موقع پر حکومت کی حالیہ پالیسیوں پر تحفظات کا اظہار کیا اور کہا کہ دکانیں وقت سے پہلے بند کرنے، پیرا فورس کی غیر ضروری مداخلت اور بے جا ٹیکسوں نے کاروبار متاثر کیا ہے۔ تاجروں کا کہنا تھا کہ اگر حکومت کا رویہ ایسا ہی رہا تو وہ کاروبار بند کر کے دوسرے ممالک جانے پر مجبور ہو جائیں گے۔

گورنر پنجاب نے تاجروں کو یقین دلایا کہ پیپلز پارٹی کاروباری برادری کے ساتھ ہے اور مضبوط حکمت عملی کے تحت ان کے مسائل حل کیے جائیں گے، تاکہ ملکی معیشت اور روزگار کے مواقع میں بہتری آئے۔

ٹیگز: