پنجاب میں ڈرائیونگ کی عمر 16 سال مقرر، ای چالان سسٹم مزید سخت بنانے کا اعلان

پنجاب میں ڈرائیونگ کی عمر 16 سال مقرر، ای چالان سسٹم مزید سخت بنانے کا اعلان

لاہور: پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے اعلان کیا ہے کہ صوبے میں ڈرائیونگ کی عمر 16 سال کر دی گئی ہے اور مستقبل میں الیکٹرانک چالان سسٹم مزید سخت بنایا جائے گا تاکہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر فوری کارروائی ہو سکے۔

سینئر وزیر نے کہا کہ صوبے میں ٹریفک ڈسپلن بہتر بنانے کے لیے نئے روڈ سیفٹی میکانزم متعارف کرائے جا رہے ہیں اور خلاف ورزی کرنے والوں کے لیے زیرو ٹالرنس پالیسی برقرار رہے گی۔ انہوں نے خبردار کیا کہ نابالغ بچوں کو گاڑی چلانے دینا خودکشی کے مترادف ہے، اور والدین جو ایسا کریں گے، ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی ہوگی۔

مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ ہر خلاف ورزی کا ڈیٹا ریئل ٹائم میں مانیٹر کیا جا رہا ہے، اور عوام کی حفاظت کو مدنظر رکھتے ہوئے کسی کو اپنی یا دوسروں کی زندگی خطرے میں ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

سینئر وزیر نے صوبے میں منشیات کے خلاف سخت ترین آپریشنز کا بھی ذکر کیا اور بتایا کہ اسکولوں، کالجوں اور یونیورسٹیوں میں خصوصی چیکس بڑھا دیے گئے ہیں۔ ڈرگ نیٹ ورکس کی میپنگ مکمل ہو چکی ہے اور ڈرونز کے ذریعے خفیہ سپلائی پوائنٹس کی نشاندہی کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 111 لانگ رینج نیٹ ورکس پہلے ہی بے نقاب ہو چکے ہیں اور نوجوانوں کو نشے سے محفوظ رکھنے کے لیے روزانہ بریفنگ جاری ہے۔

ٹیگز: