لاہور: زندہ دلانِ لاہور کا پسندیدہ ترین تہوار 'بسنت' دستک دے رہا ہے۔ پورے شہر میں بسنت کے رنگ بکھر گئے ہیں اور لاہوریوں نے اپنے اس روایتی جشن کے لیے کمر کس لی ہے۔
لاہور کے تاریخی موچی گیٹ میں تل دھرنے کی جگہ نہیں رہی۔ شہریوں کی ایک بڑی تعداد رنگ برنگی پتنگیں اور ڈور خریدنے کے لیے بازاروں کا رخ کر رہی ہے۔ جہاں کوئی اپنی پسند کے 'پری' اور 'گڈے' ڈھونڈنے میں مگن ہے، وہیں کئی شہری ابھی تک بہترین ڈور کی تلاش میں بازاروں کی خاک چھان رہے ہیں۔
اگرچہ شہریوں نے پتنگوں اور ڈور کی قیمتوں میں اضافے کا شکوہ کیا ہے، لیکن ان کا جوش و خروش کم ہوتا نظر نہیں آ رہا۔لاہور کی سڑکوں پر بسنت کے رنگ نمایاں ہونا شروع ہو گئے ہیں۔ دکانوں پر سجی رنگ برنگی پتنگیں اور آسمان کی طرف اٹھتی شہریوں کی نظریں شہر میں ایک دلکش اور سحر انگیز منظر پیش کر رہی ہیں۔ ہر طرف ایک ہی بازگشت ہے کہ بس کل کا دن باقی ہے اور پھر پرسوں پورا لاہور بسنت کی بہار میں رنگا جائے گا۔