گوجرانوالہ: گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی سیاسی میدان میں مکمل طور پر متحرک ہے اور آنے والے انتخابات میں مخالفین کو حیران کر دے گی۔گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر کی گوجرانوالہ آمد پر پارٹی کارکنوں اور مقامی رہنماؤں نے ان کا بھرپور استقبال کیا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے شہر کی تاریخی و ثقافتی اہمیت پر روشنی ڈالی۔
گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ گوجرانوالہ پہلوانوں اور زندہ دلوں کا شہر ہے جہاں کے لوگوں نے ہمیشہ محبت اور بہادری کی مثالیں قائم کی ہیں۔
اس شہر کے عوام نے ہر مشکل دور میں پیپلز پارٹی کا ساتھ دیا اور اسے انتخابی معرکوں میں کامیاب کروایا ہے۔
سردار سلیم حیدر نے پارٹی کی مضبوطی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی اب پورے زور و شور سے اپنے پاؤں پر کھڑی ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ہم اپنی جڑوں کی طرف واپس جا رہے ہیں اور آئندہ الیکشن میں بڑا سرپرائز دیں گے۔