لاہور:پنجاب حکومت نے امراض قلب کے علاج کے لیے انٹراویسکولر سرجری کی جدید ترین تکنیک متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے جناح انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی اور نواز شریف میڈیکل سٹی میں اس جدید طریقہ کار کو نافذ کرنے کے لیے اقدامات کا حکم دے دیا ہے۔
سرکاری ذرائع کے مطابق امریکن ڈاکٹرز پاکستانی ڈاکٹروں کو اس جدید سرجری کی تربیت دیں گے تاکہ مریضوں کو عالمی معیار کے مطابق جدید علاج فراہم کیا جا سکے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ صحت کے شعبے میں جدید ٹیکنالوجی کے متعارف ہونے سے نہ صرف مریضوں کے علاج میں سہولت ہوگی بلکہ پنجاب میں صحت کی سہولیات کو بھی نئی بلندی حاصل ہوگی۔
مزید تفصیلات کے مطابق، یہ تکنیک خاص طور پر دل کے سنگین امراض کے لیے مفید ہے اور مریضوں کی بحالی کے عمل کو تیز کرنے میں مددگار ثابت ہوگی۔