لاہور: گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا ہے کہ سندھ میں نئے صوبے کی حمایت نہیں کی جا رہی، کیونکہ سندھی عوام صوبے کے معاملے پر بہت جذباتی ہیں، جبکہ پنجاب میں جنوبی پنجاب کو الگ صوبہ بنانے کی قرارداد پہلے ہی جمع ہوچکی ہے۔
ایکسپو سنٹر لاہور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر پنجاب نے کہا کہ قیامِ پاکستان سے اب تک ملک میں مختلف تجربات کیے جا رہے ہیں۔ جمہوری نظام میں دھرنے اور احتجاج کرنا جائز ہے۔
سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات کی بات تو بہت ہوتی ہے، تاہم انتخابات منعقد نہیں کیے جاتے۔ پیپلزپارٹی بلدیاتی انتخابات کے لیے بھرپور تیاری کرے گی اور میدان میں اترے گی۔
انہوں نے کہا کہ دو سال بعد عوام فیصلہ کریں گے کہ وہ حکومت کی کارکردگی سے خوش ہیں یا نہیں۔ عوام کا فیصلہ ہی حکومت کی کارکردگی کا حتمی پیمانہ ہوگا۔