پنجاب کابینہ کے اہم فیصلے: بیوگان کو تاحیات پنشن، مزدوروں کے لیے فلیٹس، تعلیمی نظام میں اصلاحات

پنجاب کابینہ کے اہم فیصلے: بیوگان کو تاحیات پنشن، مزدوروں کے لیے فلیٹس، تعلیمی نظام میں اصلاحات

لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کے 28ویں اجلاس میں 130 نکاتی ایجنڈا منظور کر لیا گیا، جس میں فلاح عامہ، تعلیم، لیبر، صحت، سکیورٹی اور سرمایہ کاری سے متعلق اہم فیصلے شامل ہیں۔

اجلاس میں بیوہ خواتین کو تاحیات پنشن دینے، جبکہ پانچویں اور آٹھویں جماعت کے امتحانات کو سرکاری سطح پر منعقد کرنے کی منظوری دی گئی۔ پانچویں جماعت کے طلبہ کا اسسمنٹ اور آٹھویں جماعت کا باضابطہ امتحان لیا جائے گا۔

کابینہ نے صنعتی ورکرز کے لیے 1220 فلیٹس الاٹ کرنے، اور مزید 3000 فلیٹس کی تعمیر کے احکامات دیے۔ وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ فلیٹس کی قیمت مزدوروں سے وصول نہیں کی جائے گی۔ مزدور طبقے کے لیے کم از کم اجرت 40 ہزار روپے مقرر کرنے کی بھی منظوری دی گئی۔

ریسکیو 1122 کی سیلابی صورتحال میں خدمات کو سراہتے ہوئے اہلکاروں کے لیے 50 ہزار روپے انعام کا اعلان کیا گیا۔

دیگر اہم فیصلوں میں شامل ہیں:

    آن لائن سرمایہ کاری ایپلی کیشن سسٹم کی منظوری

    چائلڈ لیبر کی روک تھام کے لیے نئے قوانین

    نرسز کے لیے پیڈ انٹرن شپ پروگرام 

  کسان کارڈ پروگرام کی کامیاب تکمیل، 93 ارب روپے جاری

اجلاس میں مختلف اداروں، قوانین اور بھرتیوں سے متعلق متعدد مسودہ جات کی منظوری دی گئی، جب کہ وزیراعلیٰ نے تمام فیصلوں پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی۔

ٹیگز: