لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت خصوصی اجلاس میں پیرا فورس کی کارکردگی، نگرانی اور اصلاحات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اب پنجاب میں پیرا فورس کی ہر کارروائی کیمرے میں ریکارڈ کی جائے گی تاکہ شفافیت اور احتساب کو یقینی بنایا جا سکے۔
مریم نواز شریف نے پیرا فورس کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے باڈی کیمز لگانے اور خصوصی ٹریننگ سیشنز شروع کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ قانون ہر صورت نافذ ہونا چاہیے، مگر عوام کے ساتھ رویہ ہمیشہ درست، دوستانہ اور باعزت ہونا چاہیے۔
وزیر اعلیٰ نے شہریوں کے لیے تیز، محفوظ اور ماحول دوست خدمات کو فروغ دینے کے لیے پیرا فورس میں الیکٹرک وہیکلز متعارف کرانے اور سٹیٹ آف دی آرٹ پیرا ٹریننگ سنٹر قائم کرنے کی اصولی منظوری بھی دی۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ پیرا فورس کو عوام میں نیک نامی کمانے کے لیے نتائج پر توجہ دینی چاہیے اور خدمت کرنے والوں کی تاریخ ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔