لاہور:سینئر صوبائی وزیر پنجاب مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت نے گزشتہ دو سالوں کے دوران ماحولیات کی بہتری کے لیے جو انقلابی اقدامات کیے ہیں، وہ ماضی کی کسی حکومت میں نہیں ہوئے۔ لاہور میں ایک پروقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے ماحولیاتی تحفظ اور صفائی کے حوالے سے حکومتی ترجیحات پر تفصیلی روشنی ڈالی۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ حکومت کا 'ای ٹرانسپورٹ وژن' صوبے میں ماحولیاتی آلودگی اور سموگ کے خاتمے کے لیے ایک گیم چینجر ثابت ہو رہا ہے، جس کی بدولت ہوا کے معیار میں واضع بہتری آ رہی ہے۔عید الاضحیٰ کے موقع پر صفائی کے انتظامات کا ذکر کرتے ہوئے سینئر وزیر نے 'ستھرا پنجاب فورس' کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ فورس کے جوانوں نے لگاتار تین دن رات دن کام کیا اور صوبے کے کسی بھی کونے یا گلی محلے میں قربانی کی آلائشوں کو باقی نہیں رہنے دیا، جس سے تعفن اور بیماریاں پھیلنے کا خطرہ مکمل طور پر ٹل گیا۔
انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ وزیرِ اعلیٰ پنجاب کی قیادت میں ماحول دوست اقدامات کا یہ سلسلہ جاری رہے گا تاکہ آنے والی نسلوں کو ایک صحت مند اور آلودگی سے پاک پنجاب دیا جا سکے۔