آئی جی پنجاب کا احسن اقدام: پولیس ملازمین کے نابینا بچوں کے لیے ماہانہ وظیفے کی منظوری

آئی جی پنجاب کا احسن اقدام: پولیس ملازمین کے نابینا بچوں کے لیے ماہانہ وظیفے کی منظوری

لاہور : انسپکٹر جنرل آف پولیس (آئی جی) پنجاب نے پولیس فورس کے ملازمین اور ان کے اہل خانہ کی فلاح و بہبود کے لیے ایک بڑا اور ہمدردانہ فیصلہ کیا ہے۔ آئی جی پنجاب نے پولیس ملازمین کے نابینا بچوں کی بہتر دیکھ بھال اور تعلیمی و طبی اخراجات میں معاونت کے لیے باقاعدہ ماہانہ وظیفے کی منظوری دے دی ہے۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق  ہر مستحق بچے کو 20,000 روپے ماہانہ وظیفہ دیا جائے گا۔ یہ وظیفہ بلا تفریق درج ذیل زمروں میں آنے والے تمام پولیس ملازمین کے بچوں کو ملے گا۔        حاضر سروس ملازمین کے بچے،        ریٹائرڈ ملازمین کے بچے،        دورانِ سروس وفات پا جانے والے ملازمین کے بچے۔
اس اقدام کا بنیادی مقصد ان بچوں کو معاشرے کا فعال حصہ بنانا اور ان کے والدین پر مالی بوجھ کو کم کرنا ہے۔ آئی جی پنجاب کا کہنا ہے کہ پولیس فورس کے جوانوں کے خاندانوں کا تحفظ اور ان کی ضروریات کا خیال رکھنا محکمے کی اولین ترجیح ہے، تاکہ وہ ذہنی سکون کے ساتھ اپنے فرائض سرانجام دے سکیں۔

ٹیگز: