لاہور : صوبائی وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے دو ٹوک الفاظ میں واضح کیا ہے کہ صوبے میں کسی کو بھی ناجائز منافع خوری یا ذخیرہ اندوزی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف پرائس کنٹرول کے تمام معاملات کی خود لمحہ بہ لمحہ نگرانی کر رہی ہیں تاکہ عوام کو مہنگائی سے بچایا جا سکے۔
عظمیٰ بخاری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پٹرول کی قیمتوں میں اضافے کا اشیاء خورونوش پر فی الحال کوئی خاص فرق نہیں پڑا، اس لیے قیمتیں بڑھانے کا کوئی جواز نہیں ہے۔انہوں نے بتایا کہ پرائس کنٹرول ڈیپارٹمنٹ اور 'پیرا' (PERA) کی ٹیمیں پوری طرح متحرک اور فیلڈ میں موجود ہیں۔ کسی بھی دکان یا گودام پر غیر قانونی منافع خوری برداشت نہیں کی جائے گی۔
اشیاء کی قیمتیں کنٹرول میں: صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ مارکیٹ میں پھلوں، سبزیوں اور دالوں کی قیمتیں مکمل طور پر کنٹرول میں ہیں اور انتظامیہ نرخوں کے استحکام کو یقینی بنا رہی ہے۔