پنجاب میں مفت سفر کے لیے 'شناختی کارڈ' لازمی قرار؛ اورنج لائن اور میٹرو بس کے مسافروں کے لیے نئی پابندیاں نافذ

پنجاب میں مفت سفر کے لیے 'شناختی کارڈ' لازمی قرار؛ اورنج لائن اور میٹرو بس کے مسافروں کے لیے نئی پابندیاں نافذ

لاہور : حکومتِ پنجاب کی جانب سے سرکاری ٹرانسپورٹ پر مفت سفر کی سہولت فراہم کیے جانے کے بعد، پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی نے مسافروں کے لیے نئے اور سخت ضوابط جاری کر دیے ہیں۔ اب اورنج لائن ٹرین اور میٹرو بس میں سفر کرنے والے مسافروں کے لیے اصل شناختی کارڈ ہمراہ رکھنا لازمی ہوگا۔
ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کے مطابق، جو مسافر اپنا قومی شناختی کارڈ (CNIC) ساتھ نہیں رکھیں گے، انہیں مفت سفر کی سہولت نہیں دی جائے گی اور نہ ہی ٹرین یا بس میں سوار ہونے کی اجازت ہوگی۔ اس اقدام کا مقصد مفت سفری سہولت کے نظام کو شفاف بنانا اور مسافروں کے ریکارڈ کی درستگی کو یقینی بنانا ہے۔
تعلیمی اداروں کے طلبہ و طالبات کے لیے بھی قواعد و ضوابط واضح کر دیے گئے ہیں۔ طلبہ کے لیے اپنے تعلیمی ادارے کا اصل کارڈ (ID Card) دکھانا لازمی ہوگا۔ کارڈ نہ ہونے کی صورت میں طلبہ مفت سفر کی رعایت حاصل نہیں کر سکیں گے۔ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کے حکام کا کہنا ہے کہ یہ پابندی سکیورٹی اور ڈیٹا مینجمنٹ کے پیشِ نظر لگائی گئی ہے تاکہ صرف حقدار افراد ہی حکومت کی اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ کسی بھی پریشانی سے بچنے کے لیے گھر سے نکلتے وقت اپنے ضروری دستاویزات لازمی ساتھ رکھیں۔

ٹیگز: