لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا بسنت کے موقع پر خصوصی پیغام ،حفاظتی تدابیر کا اعلان

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا بسنت کے موقع پر خصوصی پیغام ،حفاظتی تدابیر کا اعلان

لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے لاہور میں بسنت کے آغاز پر ایک پیغام میں کہا کہ بسنت پنجاب کا ثقافتی ورثہ ہے اور ہمیں اپنی ثقافت پر فخر ہے۔ انہوں نے لاہور کے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ زندہ دلانِ لاہور کی طرح خوشیاں ذمہ داری سے منائیں اور اپنے شہری ہونے کا فرض نبھائیں۔ مریم نواز نے کہا کہ شہری حفاظتی اقدامات پر عملدرآمد کریں تاکہ بسنت کا جشن خوشی اور تحفظ کے ساتھ منایا جا سکے۔

اعلامیہ میں وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ "ہم آپ کے ساتھ ہیں" اور شہریوں کو بسنت کی خوشیوں کو دل بھر کے منانے کی ترغیب دی۔ انہوں نے مزید کہا کہ "آج لاہور میں پتنگیں نہیں، بلکہ خوشیاں اڑ رہی ہیں"، اور اس موقع پر ہر لمحے کو اپنے ارد گرد کے لوگوں کے ساتھ بانٹنے کی اہمیت پر زور دیا۔

مریم نواز نے عوام کی سہولت کے لیے مفت ٹرانسپورٹ فراہم کرنے کا اعلان کیا۔ بسنت کے دوران عوام کے لیے 419 بسیں چلائی جائیں گی، جبکہ 60 ہزار سے زائد فری رائیڈز بھی عوام کو فراہم کی جائیں گی۔ اس کے علاوہ، اورنج لائن ٹرین میں 25 سیٹیں مفت سفر کے لیے مخصوص کی جائیں گی اور میٹروبس، فیڈر بسیں اور گرین بسیں بھی فری سفر کی سہولت فراہم کریں گی۔ اس کے ساتھ ساتھ 6 ہزار Yango رکشوں پر بھی مفت رائیڈز دستیاب ہوں گی۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے شہریوں کو حفاظتی اقدامات کی سختی سے پیروی کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ پتنگیں اور ڈور صرف مقررہ سائز اور معیار کے مطابق استعمال کی جائیں، کیونکہ ممنوعہ ڈور کے استعمال پر بھاری جرمانے اور قید کی سزا ہو سکتی ہے۔ پتنگ بازی کے لیے دھاتی تار، تندی، بلٹ بروف مٹیریل اور چرخی کا استعمال غیر قانونی ہے۔

مریم نواز نے مزید کہا کہ لاہور کے سول ایوی ایشن ایریاز میں پتنگ بازی کی اجازت نہیں دی جائے گی، اور بائیک یا موٹرسائیکل رکشے پر سیفٹی راڈ کا استعمال ضروری ہوگا۔ انہوں نے دکانداروں سے اپیل کی کہ وہ عوام بالخصوص بچوں کی خوشیوں کی راہ میں رکاوٹ نہ بنیں اور پتنگیں اور ڈور مہنگے داموں نہ بیچیں۔

وزیراعلیٰ نے یہ بھی وضاحت کی کہ بسنت کے دوران عوام کی حفاظت کے لیے ہر ممکن اقدام کیا گیا ہے۔ ہر تحصیل میں 15 محکموں پر مشتمل کوئیک رسپانس یونٹس قائم کیے گئے ہیں اور تھرمل ڈرون کے ذریعے نگرانی کی جائے گی۔ پولیس، ٹریفک وارڈن، انتظامیہ اور دیگر ادارے عوام کی مدد کے لیے موجود ہوں گے، اور شہریوں سے بھرپور تعاون کی درخواست کی گئی ہے۔

مریم نواز نے اس بات کی بھی تاکید کی کہ بسنت کا جشن خوشی اور تحفظ کے ساتھ منایا جائے تاکہ یہ تہوار سب کے لیے یادگار بن سکے۔

ٹیگز: