لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے صوبائی اسمبلی کے ارکان نے ایک اہم ملاقات کی، جس میں صوبے کی مجموعی سیاسی صورتحال اور جاری ترقیاتی کاموں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے دوران ارکانِ اسمبلی نے پنجاب بھر میں جاری ترقیاتی اور بیوٹیفکیشن (خوبصورتی) کے پراجیکٹس کی تعریف کرتے ہوئے انہیں عوامی سہولیات کی فراہمی میں اہم پیش رفت قرار دیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا تھا کہ صوبے کے 3 ہزار سے زائد مراکزِ صحت کو اسٹیٹ آف دی آرٹ ہیلتھ کلینکس میں تبدیل کر دیا گیا ہے، جس سے پنجاب کا روایتی ہیلتھ کلچر تبدیل ہو کر رہ گیا ہے اور اب غریب عوام کو ان کی دہلیز پر بہترین علاج میسر ہے۔ انہوں نے مزید عزم ظاہر کیا کہ پنجاب کے پہلے سرکاری کینسر ہسپتال اور نواز شریف میڈیکل سٹی کے منصوبوں کو جلد از جلد مکمل کیا جائے گا تاکہ عوام کو عالمی معیار کی طبی سہولیات بلا تعطل فراہم کی جا سکیں۔