لاہور : چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) لاہور نے سموگ اور ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے کے لیے ایک بڑا اقدام اٹھاتے ہوئے سرکل افسران کے ساتھ اہم ہنگامی اجلاس منعقد کیا ہے، جس میں فضائی آلودگی کا باعث بننے والی گاڑیوں کے خلاف سخت ترین ایکشن پلان کی منظوری دے دی گئی ہے۔
اجلاس میں سموگ کی وجوہات کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد فیصلہ کیا گیا کہ ریت، مٹی، بھوسہ اور آلودگی پھیلانے والا دیگر مواد بغیر ترپال کے لے جانے والی گاڑیوں کو لاہور شہر کی حدود میں داخل ہونے کی بالکل اجازت نہیں دی جائے گی۔
شہر کے تمام داخلی اور خارجی راستوں پر خصوصی ناکے قائم کیے جا رہے ہیں تاکہ بغیر ڈھانپی ہوئی آلودگی پھیلانے والی گاڑیوں کو شہر میں داخل ہونے سے روکا جا سکے۔ لاہور میں صرف انہی مال بردار گاڑیوں کو داخلے کی اجازت ملے گی جن کے پاس کارآمد روٹ پرمٹ، فٹنس سرٹیفکیٹ، ڈرائیونگ لائسنس ہوگا اور وہ اوپر سے مکمل طور پر کورڈ ہوں گی۔
گاڑی کی باڈی سے باہر سریا، ٹی آئرن یا دیگر آہنی اور وزنی سامان لوڈ کرنے والی گاڑیوں کے خلاف اب محض چالان نہیں ہوگا، بلکہ ان پر براہِ راست مقدمات درج کیے جائیں گے۔ سی ٹی او لاہور نے تمام ڈی ایس پیز (DSPs) کو ہدایت جاری کی ہے کہ وہ اس مہم اور کریک ڈاؤن کی اپنی نگرانی میں روزانہ کی بنیاد پر فیلڈ میں مانیٹرنگ کریں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ماحولیاتی آلودگی اور شہریوں کی زندگیوں سے کھیلنے والی گاڑیوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے گی۔