لاہور میں موسم میں خوشگوار تبدیلی ، فضا میں خنکی کا احساس بڑھ گیا

 لاہور میں موسم میں خوشگوار تبدیلی ، فضا میں خنکی کا احساس بڑھ گیا

لاہور: محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں موسم میں خوشگوار تبدیلی آئی ہے جس کے نتیجے میں فضا میں خنکی کا احساس بڑھ گیا ہے۔ شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 12 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ زیادہ سے زیادہ 26 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔ اس وقت لاہور کا درجہ حرارت 17 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

دوسری جانب، پنجاب بھر میں سموگ کی شدت میں نمایاں کمی آئی ہے۔ لاہور میں ایئر کوالٹی انڈیکس 185 ریکارڈ کیا گیا، تاہم شہر کے کچھ علاقوں، جیسے گلبرگ ٹو، برکی روڈ اور ڈی ایچ اے میں ایئر کوالٹی انڈیکس بدستور خطرناک سطح پر ہے، جہاں کی قراءت بالترتیب 240، 228 اور 217 ریکارڈ کی گئی ہے۔

ماہرین کے مطابق، سموگ کی شدت میں کمی کی وجہ شمال مغربی ہواؤں کا رخ ہے، جس کے باعث آلودہ ہوا مشرقی پنجاب اور لاہور سے باہر کی طرف دھکیل دی گئی ہے۔ اس کے نتیجے میں لاہور، قصور اور شیخوپورہ میں فضائی معیار میں بہتری آئی ہے، تاہم ملتان اور بہاولپور میں فضائی آلودگی میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

پنجاب حکومت نے ’’کلین ایئر ایکشن پلان‘‘ کے تحت سموگ کی نگرانی کے لیے جدید سسٹمز نصب کرنے کا آغاز کر دیا ہے، اور روزانہ کی بنیاد پر سموگ مانیٹرنگ یونٹس فعال کر دیے گئے ہیں۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور ماسک کا استعمال کریں تاکہ صحت پر اثرات کو کم کیا جا سکے۔

محکمہ صحت کی جانب سے شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ اگر گلے یا آنکھوں میں خارش، سانس لینے میں دشواری یا کھانسی کی علامات ظاہر ہوں تو فوراً قریبی ہسپتال یا کلینک سے رجوع کریں۔

سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ بچوں اور بزرگوں کو صبح و شام کے اوقات میں کھلی فضا میں جانے سے بچائیں۔ پنجاب حکومت کی ’’صاف فضا، محفوظ پنجاب‘‘ مہم کے اگلے مرحلے میں عوامی آگاہی میں مزید تیزی لانے کی کوشش کی جا رہی ہے تاکہ شہری سموگ کے اثرات اور حفاظتی تدابیر سے آگاہ رہیں۔

ٹیگز: