لاہور: پنجاب ہاؤسنگ اتھارٹی (پی ایچ اے) نے شہر کے مختلف ڈرینز کے اطراف 45 ہزار بانس کے پودے لگانے کا منصوبہ شروع کر دیا ہے۔ ڈائریکٹر جنرل پی ایچ اے، راجہ منصور احمد کے مطابق، گجومتہ تا بیدیاں روڈ پر 7 ہزار بانس کے پودے اور لالازار پارک اور ٹھوکر نیاز بیگ میں 4 ہزار پودے لگائے جا چکے ہیں۔
راجہ منصور احمد نے بتایا کہ بانس ماحول دوست اور تیزی سے بڑھنے والا پودا ہے، اور ڈرین کے قریب اس کی افزائش کے لیے پانی کی وافر فراہمی ممکن ہے۔ شجرکاری سے نہ صرف بدبو اور ناگوار مناظر ختم ہوں گے بلکہ آلودگی اور سموگ میں بھی کمی آئے گی۔
پی ایچ اے کے دیگر شجرکاری منصوبوں میں "لنگز آف لاہور" اور "رِنگ روڈ فارسٹریشن" شامل ہیں، جو شہر کے ماحول کو خوشگوار اور صاف رکھنے میں مدد فراہم کریں گے۔