لاہور: سورج کی تیز شعاعوں نے لاہور کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے۔ صبح کے وقت درجہ حرارت 29 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جب کہ محکمہ موسمیات نے دن بھر موسم گرم اور خشک رہنے کی پیشگوئی کرتے ہوئے درجہ حرارت کے 34 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ظاہر کیا ہے۔
شدید گرمی کے ساتھ ساتھ فضائی آلودگی میں بھی تشویشناک اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ ایئر کوالٹی انڈیکس کی تازہ ترین رپورٹ کے مطابق لاہور دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں چھٹے نمبر پر آ چکا ہے، جو شہریوں کے لیے خطرے کی گھنٹی ہے۔
ماحولیاتی ماہرین کا کہنا ہے کہ بارشوں کے نہ ہونے، بڑھتی ہوئی ٹریفک، اور صنعتی سرگرمیوں کے باعث فضا میں مضر صحت ذرات کی مقدار میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ شہریوں کو سانس لینے میں دشواری، آنکھوں میں جلن اور تھکن جیسی شکایات کا سامنا ہے۔
حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر ضروری طور پر باہر نکلنے سے گریز کریں، گھروں میں رہیں اور ماسک کا استعمال یقینی بنائیں تاکہ خود کو اس مضر ماحول سے محفوظ رکھا جا سکے۔