لاہور: لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایل ڈی اے) نے ایل ڈی اے کنٹرولڈ ایریا میں غیرقانونی کمرشل عمارتوں اور کمرشل استعمال کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 75 املاک کو سربمہر کر دیا۔
ایل ڈی اے کی ٹیموں نے شہر کے مختلف علاقوں میں آپریشن کیا، جن میں فیصل ٹاؤن، کینال روڈ، سمن آباد، پونچھ روڈ اور اعظم گارڈن شامل ہیں۔
ایل ڈی اے حکام کے مطابق فیصل ٹاؤن میں غیرقانونی کمرشل استعمال پر 16 املاک کو سیل کیا گیا، جبکہ کینال روڈ، سمن آباد اور پونچھ روڈ پر غیرقانونی کمرشل استعمال اور کمرشل فیس کی عدم ادائیگی پر 49 املاک سربمہر کی گئیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ ایل ڈی اے قوانین کی خلاف ورزی کرنے والی املاک کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی اور غیرقانونی کمرشل سرگرمیوں کی اجازت نہیں دی جائے گی۔