لاہور : لاہور میں بسنت کا دوسرا روز اپنے پورے جوبن پر ہے۔ شہر کی فضائیں رنگ برنگی پتنگوں سے سج گئی ہیں تو دوسری جانب رات گئے تک چھتوں پر جاری ہلہ گلہ نے ماحول کو سحر انگیز بنا دیا ہے۔لاہور کے باسیوں نے بسنت کے دوسرے روز کو یادگار بنانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔ 'آئی بو' اور 'کاٹا' کی صدائیں رات کے اندھیرے میں بھی گونجتی رہیں۔ چھتوں پر ساؤنڈ سسٹم اور برقی قمقموں نے جشن کا مزہ دوبالا کر دیا ہے۔
باربی کیو (BBQ) کی خوشبو اور روایتی کھانوں کے دسترخوانوں نے دوستوں کی بیٹھک کو مزید پرلطف بنا دیا ہے۔
بسنت کی کشش صرف لاہور تک محدود نہیں رہی۔ شہر کے مختلف حصوں میں موجود شہریوں کا کہنا ہے کہ اس سال بسنت منانے کے لیے ان کے دوست اور عزیز بالخصوص بیرونِ ملک (امریکہ، برطانیہ اور خلیجی ممالک) سے پاکستان آئے ہیں۔