لاہور: پنجاب حکومت نے سڑکوں کے ترقیاتی منصوبوں میں نئی پیش رفت کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبے میں صرف 75 دن کے دوران ایک ہزار 129 سڑکیں مکمل کی گئی ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت محکمہ مواصلات کے ترقیاتی کاموں کے جائزہ اجلاس میں منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے ڈھائی سالہ دور میں مجموعی طور پر 32 ہزار سڑکیں مکمل کی جا چکی ہیں۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ رواں سال اپریل سے جولائی تک 6 ہزار کلومیٹر سے زائد سڑکوں کا نیٹ ورک تعمیر کیا گیا، جبکہ ’’سوہنے پنڈ سوہنیاں راہواں‘‘ پروگرام کے تحت دیہی علاقوں میں روڈ انفراسٹرکچر کی بہتری کے لیے نمایاں پیش رفت ہوئی ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے ترقیاتی منصوبوں میں معیار اور رفتار کو یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو بہتر سفری سہولیات کی فراہمی حکومت کی ترجیح ہے۔