شہریوں کا سفر محفوظ بنانے کے لیے سیف سٹی کا بڑا اقدام: "سی ایم پنجاب کیو آر پینک بٹن سسٹم" متعارف

شہریوں کا سفر محفوظ بنانے کے لیے سیف سٹی کا بڑا اقدام:

لاہور:پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی نے صوبے بھر میں مسافروں، بالخصوص خواتین اور بچوں کے سفر کو محفوظ اور پرسکون بنانے کے لیے ایک جدید ٹیکنالوجی پر مبنی "سی ایم پنجاب کیو آر پینک بٹن سسٹم" متعارف کرا دیا ہے۔

اس انقلابی سسٹم کے تحت کسی بھی ہنگامی یا ناگہانی صورتحال کا سامنا ہونے پر مسافر گاڑی میں موجود کیو آر (QR) کوڈ کو سکین کر کے فوری مدد حاصل کر سکیں گے۔ اس سسٹم کے ذریعے سیف سٹی کے کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر سے نہ صرف روایتی '15' کال ملائی جا سکے گی، بلکہ مسافر لائیو چیٹ اور ویڈیو کال کے ذریعے بھی فوری طور پر اپنی لوکیشن اور حالات سے حکام کو آگاہ کر سکیں گے۔

منصوبے کے مطابق یہ کیو آر پینک بٹن پنجاب بھر میں چلنے والی تمام پبلک ٹرانسپورٹ بشمول بسوں، ویگنوں، رکشوں، ٹیکسیوں اور دیگر مسافر گاڑیوں میں لازمی طور پر نصب کیا جائے گا۔ شہریوں اور ٹرانسپورٹرز کی سہولت کے لیے سیف سٹی نے واضح کیا ہے کہ یہ کیو آر پینک بٹن آفیشل ویب سائٹ کے ذریعے گھر بیٹھے بالکل مفت حاصل کیا جا سکتا ہے۔ اس اقدام کا مقصد ہنگامی صورتحال میں پولیس کے ردِعمل کو تیز تر بنانا اور جرائم کا فوری سدِباب کرنا ہے۔

ٹیگز: