لاہور: وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ مریم نواز کا وژن "خلقِ خدا کی خدمت" ہے اور اب پنجاب کے ہر ضلع اور ہر کونے میں ترقی واضح طور پر نظر آئے گی۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے واضح کیا کہ جنگ کے نام پر پٹرولیم مصنوعات کی ذخیرہ اندوزی کر کے مصنوعی قلت پیدا کرنے والوں کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔
عظمیٰ بخاری نے رمضان نگہبان پروگرام کے اعداد و شمار پیش کرتے ہوئے بتایا کہ وزیراعلیٰ کی جانب سے مقرر کردہ 10 مارچ کی ڈیڈ لائن کے تحت اب تک 25 لاکھ 3 ہزار 897 رمضان کارڈز مستحقین تک پہنچائے جا چکے ہیں۔ عام آدمی کی سہولت کے لیے صوبے بھر میں 422 مقامات پر سرکاری سطح پر افطاری کا وسیع انتظام کیا گیا ہے۔
آنے والے مون سون سیزن میں معمول سے زیادہ بارشوں کے خدشے کے پیشِ نظر صوبائی انتظامیہ نے کمر کس لی ہے۔ صوبے بھر میں نکاسی آب کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے 83 نئے ڈسپوزل اسٹیشنز کی تعمیر شروع کر دی گئی ہے۔ وزیر اطلاعات کے مطابق، ان اقدامات کا مقصد بارشوں کے دوران شہری علاقوں کو ڈوبنے سے بچانا اور شہریوں کو بروقت ریلیف فراہم کرنا ہے۔