امتِ مسلمہ کا اتحاد وقت کی اہم ضرورت ہے: گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر

 امتِ مسلمہ کا اتحاد وقت کی اہم ضرورت ہے: گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر

لاہور:گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا ہے کہ اسرائیل انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں میں ملوث ہے اور اسلامی ممالک کو آپس میں لڑوا کر اپنے مذموم مقاصد حاصل کر رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بین المذاہب امن کمیٹی پنجاب کے علمائے کرام اور گدی نشینوں کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا، جس کی قیادت پیر سید صیغم عباس کر رہے تھے۔
گورنر پنجاب نے مشرقِ وسطیٰ کی کشیدہ صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا آیت اللہ خامنہ ای کی شہادت سے پوری امتِ مسلمہ سوگوار ہے، ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ایران پر حالیہ حملے کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے، عالمی برادری کو اسرائیل کی ننگی جارحیت کا نوٹس لینا چاہیے۔
ملاقات میں مذہبی ہم آہنگی پر زور دیتے ہوئے گورنر کا کہنا تھا کہ     ہم سب ایک ہیں ہمیں صرف 'مسلمان' بن کر متحد ہونا ہوگا۔اسلام کا لبادہ اوڑھ کر احتجاج کی آڑ میں اشتعال انگیزی پھیلانے والے عناصر سے سختی سے نمٹا جائے گا۔ علمائے کرام بھائی چارے کا درس دیں جو آج کی سب سے بڑی ضرورت ہے۔
سیکیورٹی صورتحال پر دوٹوک موقف اختیار کرتے ہوئے گورنر پنجاب نے واضح کیا کہ  افغانستان پاکستان میں ہونے والی دہشت گردی میں براہِ راست ملوث ہے، جسے اب مزید برداشت نہیں کیا جائے گا۔ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں جاری "آپریشن غضب للحق" کو پوری قوم کی مکمل تائید حاصل ہے۔ پاک فوج بزدل دشمن کا پیچھا کر رہی ہے اور ہم اپنی افواج کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑے ہیں۔

ٹیگز: