لاہور : زندہ دلانِ لاہور کے لیے خوشخبری ہے کہ شہر کی تاریخی اور ثقافتی پہچان "مال روڈ" کو عالمی معیار کے ٹورسٹ پوائنٹ میں تبدیل کرنے کا جامع منصوبہ تیار کر لیا گیا ہے۔ اس منصوبے کے تحت مال روڈ نہ صرف اپنی قدیم شان و شوکت بحال کرے گا بلکہ یہاں جدید سیاحتی سہولیات بھی فراہم کی جائیں گی۔
باوا ڈِنگا سنگھ بلڈنگ کی 100 فیصد بحالی سمیت گنگا رام مینشن اور شہر کی 136 تاریخی عمارتوں کی تزئین و آرائش کی جائے گی۔ لاہور ہائیکورٹ کے بالمقابل اسٹیٹ آف دی آرٹ کیفے اسٹریٹ بنائی جائے گی، جبکہ پیدل چلنے والوں کے لیے خوبصورت واک ویز تعمیر ہوں گے۔
لاہور میوزیم (عجائب گھر) سے ملحقہ شاہراہ کو مخصوص "ٹورسٹ اسٹریٹ" میں تبدیل کر دیا جائے گا جہاں سیاحوں کے لیے عالمی معیار کے ریسٹورنٹس دستیاب ہوں گے۔ مال روڈ کو مکمل طور پر ہائی سیکیورٹی زون قرار دینے کی تجویز زیرِ غور ہے۔ اسٹریٹجک اہمیت کی حامل اس شاہراہ کو "ریڈ زون" کا درجہ دیا جا سکتا ہے تاکہ یہاں نظم و ضبط اور سیکیورٹی کو یقینی بنایا جا سکے۔