لاہور، کراچی: ملک کی نامور کاروباری شخصیت ایس ایم تنویر نے عالمی سطح پر کشیدگی کو کم کرنے کے لیے پاکستان کی کامیاب خارجہ پالیسی کو سراہتے ہوئے حکومت اور عسکری قیادت کے مشترکہ کردار کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔ایس ایم تنویر نے اپنے بیان میں تاریخی حوالے دیتے ہوئے کہا کہ جس طرح فیلڈ مارشل نے پوری تہذیب اور لاکھوں جانوں کو بچانے میں اپنا کردار ادا کیا، اسی طرح موجودہ قیادت کی امن دوست پالیسیوں نے عالمی سطح پر پاکستان کا وقار بلند کیا ہے۔ انہوں نے ترک صدر کی جانب سے وزیراعظم شہباز شریف کو دی جانے والی مبارکباد کو پاکستان کی اخلاقی اور سفارتی فتح قرار دیا۔
کاروباری برادری کے رہنما نے پاکستان کے معاشی مستقبل کے حوالے سے اہم نکات پیش کیے۔ پاکستان کو معاشی طور پر ایشیا کا ٹائیگر بنانے کا مشن شروع ہو چکا ہے جس کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز کو مل کر کام کرنا ہوگا۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ زراعت، آئی ٹی اور صنعت کو ملکی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی بنانے کے لیے فی الفور ایک مربوط اور جامع "قومی صنعتی پالیسی" نافذ کی جائے۔
ایس ایم تنویر نے زور دیا کہ وقت کا تقاضا ہے کہ معاشی اصلاحات کی رفتار تیز کی جائے تاکہ صنعتوں کو ترقی ملے اور ملک خود انحصاری کی منزل حاصل کر سکے۔