میڈیکل ایجوکیشن کی پالیسی زمینی حقائق کو مدنظر رکھ کر بنائی جائے: چیئرمین پامی

میڈیکل ایجوکیشن کی پالیسی زمینی حقائق کو مدنظر رکھ کر بنائی جائے: چیئرمین پامی

پامی پنجاب کی نئی ایگزیکٹو باڈی کی حلف برداری، صباحت خان صدر، عثمان انور جنرل سیکرٹری منتخب

لاہور: پامی سنٹرل کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر چودھری عبدالرحمان نے کہا ہے کہ میڈیکل ایجوکیشن سے متعلق پالیسی سازی میں تمام سٹیک ہولڈرز کو شامل کرنا ہوگا، بند کمروں میں بنائی جانے والی پالیسیاں مسائل کا حل نہیں۔

پامی پنجاب کی نئی ایگزیکٹو باڈی کی حلف برداری کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر چودھری عبدالرحمان نے کہا کہ میڈیکل ایجوکیشن سیکٹر کا تقریباً 70 فیصد حصہ نجی شعبے سے وابستہ ہے، لیکن پالیسی ایسے افراد بنا رہے ہیں جنہیں عملی طور پر کلینک چلانے کا تجربہ نہیں۔ پالیسی سازوں کو زمینی حقائق اور اداروں کو درپیش مسائل کو سمجھنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ دنیا کے ممالک سونے، چاندی یا تیل سے نہیں بلکہ بہتر پالیسیوں سے ترقی کرتے ہیں۔ ہم پالیسیوں پر عملدرآمد چاہتے ہیں، تاہم پالیسی بنانے سے پہلے اس کے عملی نفاذ کو بھی مدنظر رکھنا ضروری ہے۔

چیئرمین پامی نے کہا کہ میڈیکل ایجوکیشن کے سٹیک ہولڈرز کو پالیسی سازی میں شامل کیا جائے تاکہ معیارِ تعلیم، اداروں کے مسائل اور طلبہ کے مفادات کو سامنے رکھتے ہوئے فیصلے کیے جا سکیں۔

انہوں نے بتایا کہ نائب وزیراعظم کے ساتھ ایک اجلاس میں پی ایم ڈی سی میں پامی کے دو ممبران کی شمولیت پر اتفاق ہوا تھا، تاہم اس حوالے سے فائل تاحال زیر گردش ہے۔

فیسوں کے معاملے پر پروفیسر ڈاکٹر چودھری عبدالرحمان نے کہا کہ میڈیکل کالجز سے فیسوں کا پوچھا جاتا ہے، لیکن دیگر تعلیمی اداروں میں بھی بھاری فیسیں وصول کی جاتی ہیں۔ میڈیکل کالجز کو بجلی کے کروڑوں روپے کے بل، فیکلٹی کی تنخواہوں اور دیگر اخراجات پورے کرنا ہوتے ہیں، اس لیے فیس اداروں کے مالی استحکام کے لیے ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ میڈیکل ایجوکیشن کی ڈیمانڈ کم نہیں ہوئی، جبکہ دوسری جانب سکول اور کالجز بند کیے جا رہے ہیں۔ اگر مسائل کو درست نہ کیا گیا تو نظام میں تبدیلی ناگزیر ہوگی۔

پروفیسر ڈاکٹر چودھری عبدالرحمان نے پامی پنجاب کی نئی قیادت کے انتخاب کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ پنجاب کو متحد دیکھ کر خوشی ہوئی۔ انہوں نے نئی کابینہ کے عہدیداران کو مبارکباد بھی دی۔

تقریب میں صباحت خان کو صدر، عثمان انور کو جنرل سیکرٹری، پروفیسر میاں عبدالرشید کو ایڈوائزر، حسن چیمہ کو خزانچی اور پروفیسر مہوش عروج کو جوائنٹ سیکرٹری منتخب کیا گیا۔ عمران رسول جوائنٹ سیکرٹری جنوب جبکہ محمد حیدر امین جوائنٹ سیکرٹری شمال منتخب ہوئے۔

ٹیگز: