پنجاب میں پٹرولیم مصنوعات کی ذخیرہ اندوزی پر کریک ڈاؤن کا حکم، مریم نواز کی 'بچت پالیسی' کی منظوری

پنجاب میں پٹرولیم مصنوعات کی ذخیرہ اندوزی پر کریک ڈاؤن کا حکم، مریم نواز کی 'بچت پالیسی' کی منظوری

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے بھر میں پٹرولیم مصنوعات کی ذخیرہ اندوزی میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کریک ڈاؤن کا حکم دے دیا ہے۔ یہ فیصلہ عالمی سطح پر جاری جنگی صورتحال کے باعث ایندھن کی طلب و رسد میں پیدا ہونے والے ممکنہ فرق سے نمٹنے کے لیے کیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب سے وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے ملاقات کی، جس میں ملک میں پٹرول، ڈیزل اور ایل این جی کے ذخائر کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں طے پایا کہ عالمی بحران کے پیشِ نظر ایندھن کی بچت اور کفایت شعاری کے لیے فوری اقدامات ناگزیر ہیں۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے انتظامیہ کو واضح احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ  تمام اضلاع کی انتظامیہ، ٹرانسپورٹ ڈیپارٹمنٹ اور متعلقہ ادارے پٹرولیم مصنوعات کی سپلائی کی مانیٹرنگ کریں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف فوری کارروائی کریں۔ زرعی مقاصد کے لیے کسانوں کو ڈیزل کی بلا تعطل فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے۔
 پورے پنجاب میں کہیں بھی مقررہ نرخوں سے زائد پر پٹرول فروخت کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ پٹرول پمپس پر عوام کی لمبی قطاروں کے خاتمے کے لیے سپلائی چین کو بہتر بنایا جائے۔
بریفنگ کے دوران وزیراعلیٰ کو بتایا گیا کہ موجودہ چیلنجز کے پیشِ نظر سخت فیصلے ضروری ہیں۔ اس موقع پر مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ معاشی تحفظ کے لیے فوری فیصلے کرنا وقت کی ضرورت ہے اور اس مشکل گھڑی میں پوری قوم کو ثابت قدمی کا مظاہرہ کرنا ہو گا۔

ٹیگز: