لاہور : پنجاب کی صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے خواتین کے عالمی دن کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ آج کی عورت معاشرے کے ہر شعبہ زندگی میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہی ہے اور نمایاں خدمات سرانجام دے رہی ہے۔
عظمیٰ بخاری نے پاکستانی خواتین کی ہمت اور محنت کو سراہتے ہوئے کہا کہ خواتین اب صرف معاون نہیں بلکہ سیاست، پاک فوج، عدلیہ اور دیگر اہم شعبوں میں کلیدی عہدوں پر فائز ہو کر ملک کی قیادت کر رہی ہیں۔کوئی بھی شعبہ ایسا نہیں جہاں خواتین مردوں کے شانہ بشانہ کام کر کے ملک کا نام روشن نہ کر رہی ہوں۔
صوبائی وزیر اطلاعات نے وزیراعلیٰ پنجاب کے وژن کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت وزیراعلیٰ مریم نواز کی قیادت میں خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے تاریخی اقدامات کر رہی ہے۔ خواتین کی تعلیم، صحت اور معاشی خود مختاری کے لیے ایسے منصوبے شروع کیے گئے ہیں جن کی ماضی میں مثال نہیں ملتی۔