لاہور: 'معرکہِ حق' میں پاکستان کی عظیم الشان کامیابی کے ایک سال مکمل ہونے پر زندہ دلانِ لاہور کے دل "لبرٹی چوک" کو جشن کیلئے مکمل طور پر سجا دیا گیا ہے۔ آج سے شروع ہونے والا یہ سہ روزہ جشن قومی فتح کی یاد میں منعقد کیا جا رہا ہے، جس کی تیاریاں اس وقت عروج پر ہیں۔
لبرٹی چوک پر جشن کا سماں پیدا کرنے کے لیے ضلعی انتظامیہ نے خصوصی انتظامات کیے ہیں۔ چوک کے چاروں اطراف دیو قامت ایل ای ڈی اسکرینیں نصب کی گئی ہیں جن پر فتح کی دستاویزی فلمیں اور آئی ایس پی آر کے خصوصی نغمے دکھائے جا رہے ہیں۔
پورے علاقے کو برقی قمقموں اور ایل ای ڈی لائٹس سے روشن کر دیا گیا ہے، جس سے رات کے وقت لبرٹی چوک کا نظارہ دیدنی ہو گیا ہے۔ اعلیٰ معیار کا ساؤنڈ سسٹم اور اسپیکرز نصب کیے گئے ہیں تاکہ شرکاء بھرپور طریقے سے پروگراموں کا لطف اٹھا سکیں۔
تقریب کی رونق بڑھانے کے لیے وزیراعلیٰ پنجاب خود لبرٹی چوک پہنچیں گی اور عوام کے ساتھ مل کر 'معرکہِ حق' کی کامیابی کا جشن منائیں گی۔ ان کی آمد کے حوالے سے سیکیورٹی اور پروٹوکول کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔جشن کے پہلے دو روز یعنی آج اور کل لبرٹی چوک پر عظیم الشان کنسرٹ کا اہتمام کیا گیا ہے۔ معروف فنکار اپنے فن کا جادو جگائیں گے اور ملی نغموں کے ذریعے شرکاء کے جذبہِ حب الوطنی کو مہمیز کریں گے۔