پنجاب بھر میں ٹریفک کی روانی کے لیے بڑا ایکشن: 195 ایکسیڈنٹ ہاٹ سپاٹس اور سینکڑوں تجاوزات کی نشاندہی

پنجاب بھر میں ٹریفک کی روانی کے لیے بڑا ایکشن: 195 ایکسیڈنٹ ہاٹ سپاٹس اور سینکڑوں تجاوزات کی نشاندہی

لاہور: پنجاب بھر میں ٹریفک کی روانی کو یقینی بنانے اور حادثات کی شرح میں کمی لانے کے لیے ٹریفک پولیس نے جامع پلان تیار کر لیا ہے۔ ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب وقاص نذیر کی ہدایت پر صوبہ بھر میں حادثات کے مراکز (ہاٹ سپاٹس)، شدید رش والے مقامات اور تجاوزات کی نشاندہی مکمل کر لی گئی ہے۔
ٹریفک پولیس کی جانب سے جاری کردہ ڈیٹا کے مطابق   پنجاب بھر میں ایسے 195 مقامات کی نشاندہی کی گئی ہے جہاں سب سے زیادہ ٹریفک حادثات رونما ہوتے ہیں۔صوبے کے مختلف شہروں میں 470 ایسے پوائنٹس سامنے آئے ہیں جہاں ٹریفک کا شدید دباؤ رہتا ہے۔
 روڈ نیٹ ورک پر کل 692 مقامات ایسے ہیں جہاں تجاوزات کی وجہ سے سڑکیں تنگ اور ٹریفک کی روانی متاثر ہو رہی ہے۔
ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب وقاص نذیر نے تمام متعلقہ ٹریفک افسران کو مراسلہ جاری کر دیا ہے جس میں سختی سے ہدایت کی گئی ہے کہ 
    ان تمام ہاٹ سپاٹس اور رش والے ایریاز کو ترجیحی بنیادوں پر کلیئر کرایا جائے۔
    ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے تجاوزات کا فوری خاتمہ یقینی بنایا جائے تاکہ شہریوں کو سفر میں دشواری نہ ہو۔    حادثات والے مقامات پر سڑکوں کی انجینئرنگ اور ٹریفک سائنز کی بہتری کے لیے متعلقہ محکموں سے رابطہ کیا جائے۔
ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق اس مہم کا مقصد صوبے کی سڑکوں کو محفوظ بنانا اور حادثات کے نتیجے میں ہونے والے جانی و مالی نقصان کو کم سے کم کرنا ہے۔

ٹیگز: