سرگودھا: صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے سرگودھا میں زیر تعمیر نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کا دورہ کیا اور جاری تعمیراتی کام کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر نے حال ہی میں مکمل ہونے والی او پی ڈی سمیت مختلف طبی شعبہ جات کا معائنہ کیا۔
خواجہ سلمان رفیق نے ای سی جی، ایکو کارڈیوگرافی، ای ٹی ٹی، ہولٹر مانیٹرنگ، اور لیبارٹری ٹیسٹوں کے شعبہ جات سمیت وارڈز اور تشخیصی یونٹس کا دورہ کیا اور مریضوں سے براہ راست ملاقات بھی کی۔ انہوں نے فراہم کی جانے والی سہولیات پر اطمینان کا اظہار کیا اور عملے کو مزید بہتری کی ہدایات دیں۔
اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق حکومت عوام کو جدید اور معیاری طبی سہولیات فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی سرگودھا اردگرد کے لاکھوں افراد کے لیے امراضِ قلب کے علاج کی بین الاقوامی معیار کی سہولت بنے گا۔
منصوبے پر کام کرنے والی آئی ڈیپ اتھارٹی اور پرنسپل پروفیسر وارث فاروقہ نے صوبائی وزیر کو منصوبے کی موجودہ صورتحال اور مستقبل کے مراحل سے متعلق بریفنگ دی۔