لاہور: پنجاب کے آئندہ مالی سال کے بجٹ کی تیاریاں تیز کر دی گئی ہیں، جس کے تحت پنجاب اسمبلی اور لاہور ڈی جی پی آر آفس کی اپ گریڈیشن اور نئی تعمیرات کے لیے اربوں روپے کی بجٹ تجاویز محکمہ خزانہ کو ارسال کر دی گئی ہیں۔محکمہ خزانہ کو موصول ہونے والی تجاویز کی تفصیلات درج ذیل ہیں۔
اسمبلی کے لیے مجموعی طور پر 7 ارب 41 کروڑ 57 لاکھ روپے کے ترقیاتی بجٹ کی سفارش کی گئی ہے، جس میں سے جاری اسکیموں کے لیے 4 ارب 13 کروڑ 51 لاکھ روپے مختص کرنے کی تجویز ہے۔ اسمبلی ہال کے کانفرنس سسٹم کو اپ گریڈ کرنے اور نئے حفاظتی آلات کی تنصیب کے لیے 1 ارب 41 کروڑ 99 لاکھ روپے طلب کیے گئے ہیں۔
ارکانِ اسمبلی کی رہائشی سہولیات میں اضافے کے لیے ایم پی اے ہوسٹل فیز ٹو کی تعمیر کی مد میں 2 ارب 52 کروڑ 67 لاکھ روپے رکھنے کی تجویز ہے۔لاہور میں واقع ڈائریکٹوریٹ جنرل آف پبلک ریلیشنز (DGPR) کے دفتر کی تزئین و آرائش اور اسے جدید بنانے کے لیے 2 ارب 27 کروڑ 29 لاکھ روپے بجٹ کا حصہ بنانے کی سفارش کی گئی ہے۔
ان تمام تجاویز کو حتمی منظوری کے لیے پنجاب کی کابینہ اور صوبائی اسمبلی کے سامنے پیش کیا جائے گا۔