لاہور : صوبائی دارالحکومت کی شاہراہوں پر سٹی ٹریفک پولیس لاہور نے جدید ٹیکنالوجی اور نئی شناخت کے ساتھ ایک نئے سفر کا آغاز کر دیا ہے۔ سی ٹی او لاہور ڈاکٹر اطہر وحید نے باقاعدہ طور پر پولیس فورس کے لیے نئی یونیفارم متعارف کروا دی ہے، جبکہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر قابو پانے کے لیے انقلابی 'ون ایپ' بھی لانچ کر دی گئی ہے۔
ٹیکنالوجی کے ذریعے شفافیت سی ٹی او لاہور نے تمام سرکل افسران کو جدید آئی پیڈز (iPads) فراہم کیے ہیں جن میں 'ون ایپ' نصب ہے۔ اس اقدام کے اہم خدوخال درج ذیل ہیں۔ اب ٹریفک کی ہر چھوٹی بڑی خلاف ورزی فوری طور پر 'ون ایپ' کے ذریعے باقاعدہ ریکارڈ کا حصہ بنے گی۔
خلاف ورزی کا ڈیٹا اور ریکارڈ ضرورت پڑنے پر قانونی کارروائی کے دوران بطور ناقابلِ تردید ثبوت پیش کیا جا سکے گا۔ اس ایپ کے ذریعے چالاننگ کے عمل میں انسانی مداخلت اور جانبداری کا عنصر کم ہوگا اور فیلڈ افسران کی کارکردگی کی براہِ راست نگرانی کی جا سکے گی۔
نئی یونیفارم اور نیا عزم نئی یونیفارم کی تبدیلی کا مقصد فورس کے مورال کو بلند کرنا اور شہریوں کو ایک جدید اور مددگار پولیسنگ کا احساس دلانا ہے۔ ڈاکٹر اطہر وحید کا کہنا ہے کہ جدید پولیسنگ کا یہ ماڈل لاہور کی ٹریفک کو مزید منظم بنانے اور حادثات میں کمی لانے میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔