لاہور :تھانہ شاہدرہ کے تحت چوکی سگیاں پولیس نے پیشہ ورانہ کارروائی کرتے ہوئے دو رکنی خطرناک نوسرباز اور موٹر سائیکل چور گینگ کو دھر لیا۔ ملزموں کے قبضے سے چوری شدہ موٹر سائیکل اور غیر قانونی اسلحہ برآمد کر لیا گیا ہے۔
پولیس ترجمان کے مطابق یہ گینگ نجی فیکٹریوں کو نشانہ بناتا تھا۔ ملزموں کے طریقہ واردات کے حوالے سے انکشاف ہوا ہے کہ ملزم مختلف فیکٹریوں سے بھاری مالیت کے جوتے خریدتے تھے۔ ادائیگی کے وقت مالکان کو جعلی آن لائن ٹرانسفر کا جھانسہ دے کر دھوکہ دہی کرتے تھے۔
پولیس تفتیش میں معلوم ہوا ہے کہ ملزم ادائیگی کے جعلی میسجز یا ایڈیٹ شدہ رسیدیں دکھا کر فیکٹری مالکان کو کروڑوں کا چونا لگا چکے ہیں۔
پولیس نے کارروائی کے دوران ملزموں سے ناجائز اسلحہ اور چوری کی موٹر سائیکل بھی قبضے میں لے لی ہے۔ ایس ایچ او شاہدرہ کا کہنا ہے کہ ملزموں سے مزید تفتیش جاری ہے جس میں دیگر وارداتوں اور ان کے باقی ساتھیوں کے حوالے سے اہم انکشافات کی توقع ہے۔شہری اور کاروباری حضرات آن لائن ادائیگی موصول ہونے پر بینک اکاؤنٹ میں رقم کی منتقلی کی تصدیق خود کریں اور صرف میسج پر بھروسہ نہ کریں۔