لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے سوشل میڈیا پر بچوں کی ہراسانی اور بلیک میلنگ کے بڑھتے ہوئے واقعات کے سدِباب کے لیے "پنجاب سائبر کرائم یونٹ" قائم کرنے کی باقاعدہ منظوری دے دی ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب کی زیرِ صدارت ہونے والے اعلیٰ سطحی اجلاس میں سائبر کرائم سے نمٹنے کے لیے جدید اور سہولت سے بھرپور طریقہ کار وضع کیا گیا ہے، جس کا مقصد متاثرہ بچوں اور ان کے والدین کو تھانے کچہری کے چکروں سے بچانا ہے۔
اس نئے اقدام کی سب سے اہم خصوصیت یہ ہے کہ ہراسانی یا بلیک میلنگ کا شکار ہونے والے بچوں یا بچیوں کو شکایت درج کرانے کے لیے تھانے نہیں جانا پڑے گا۔ شکایت موصول ہوتے ہی پنجاب سائبر کرائم کا مخصوص "موبائل یونٹ" خود متاثرہ فرد کے پاس جائے گا۔
اس اقدام کا مقصد متاثرہ خاندانوں کی پرائیویسی کو برقرار رکھنا اور انہیں سماجی دباؤ سے بچاتے ہوئے فوری انصاف فراہم کرنا ہے۔اجلاس کے دوران وزیراعلیٰ مریم نواز نے واضح کیا کہ بچوں کا تحفظ ان کی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔سوشل میڈیا پر معصوم بچوں کو بلیک میل کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ ہم ایک ایسا محفوظ ڈیجیٹل ماحول فراہم کریں گے جہاں مجرموں کو بچنے کا کوئی راستہ نہیں ملے گا۔
پنجاب سائبر کرائم یونٹ جدید ترین ٹیکنالوجی اور ماہرین پر مشتمل ہوگا جو نہ صرف شکایات کا اندراج کرے گا بلکہ ڈیجیٹل شواہد اکٹھے کر کے ملزمان کے خلاف فوری قانونی کارروائی کو بھی یقینی بنائے گا۔