لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر صوبے میں یکساں ترقی کو یقینی بنانے کے لیے بڑا ’’پنجاب ڈیولپمنٹ پلان‘‘ عملی شکل اختیار کرنے لگا ہے۔ صوبے کے 52 شہروں میں سیوریج، ڈرینج، پارکس اور سڑکوں کی تعمیر و بحالی کے متعدد منصوبوں پر پیش رفت تیز کر دی گئی ہے۔
ترقیاتی پیکج کے تحت مجموعی طور پر 304 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں جن میں سے 166 ارب روپے کے عوامی فلاحی منصوبے تکمیل کے قریب ہیں اور شہریوں کی روزمرہ زندگی میں نمایاں بہتری لانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
محکمہ پلاننگ کے مطابق پنجاب ڈیولپمنٹ پلان کے تحت 50 ٹینڈرز فلوٹ کیے جا چکے ہیں جبکہ 10 منصوبوں کا ٹینڈرنگ عمل مکمل ہو چکا ہے۔ ان میں سے 10 ترقیاتی منصوبے گراؤنڈ بریکنگ کے لیے تیار ہیں۔
حکومت کا کہنا ہے کہ یہ ترقیاتی اقدامات صوبے میں بنیادی سہولیات کی بہتری اور شہری انفراسٹرکچر کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے سنگِ میل ثابت ہوں گے۔