لاہور : صوبائی دارالحکومت میں سڑکوں پر دوڑتی بے قابو گاڑیوں نے دو قیمتی جانیں نگل لیں۔ ڈی ایچ اے اور فیروز پور روڈ کے علاقوں میں پیش آنے والے حادثات میں ایک نوجوان اور ایک خاتون جاں بحق ہوگئیں۔
ڈی ایچ اے کے قریب ایک تیز رفتار بلڈوزر ٹرک اور موٹر سائیکل میں ہولناک تصادم ہوا۔ عینی شاہدین کے مطابق ٹرک کی ٹکر اتنی زوردار تھی کہ موٹر سائیکل سوار نوجوان موقع پر ہی دم توڑ گیا۔ حادثے کے باعث علاقے میں ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہوئی۔دوسرا المناک واقعہ فیروز پور روڈ پر ایلیٹ ٹاؤن کاہنہ کے پاس پیش آیا۔ جہاں ایک تیز رفتار ٹویوٹا ہائیس نے روڈ کراس کرتی ہوئی خاتون کو کچل ڈالا۔ حادثے کے نتیجے میں خاتون زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگئیں۔
پولیس نے دونوں حادثات کی اطلاع ملتے ہی جائے وقوعہ پر پہنچ کر قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔ لاشوں کو ضروری کارروائی کے لیے منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ حادثے کا سبب بننے والی گاڑیوں کو قبضے میں لے کر ڈرائیوروں کی تلاش شروع کر دی گئی ہے۔