لاہور: پنجاب حکومت نے سموگ کے تدارک اور فضائی آلودگی میں کمی کے لیے اقدامات مزید تیز کر دیے ہیں۔ اس سلسلے میں سینئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب نے کلائمیٹ اسمارٹ واچ منصوبے کا جائزہ لیا اور متعلقہ حکام سے بریفنگ حاصل کی۔
بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ جدید مانیٹرنگ سسٹم کے ذریعے فضائی آلودگی کے ذرائع کی نشاندہی، ہوا کے معیار کی مسلسل نگرانی اور سموگ کی صورتحال پر لائیو نظر رکھی جائے گی۔ اس نظام سے شہری بھی اپنے علاقے کے ایئر کوالٹی انڈیکس اور فضائی معیار سے متعلق بروقت معلومات حاصل کر سکیں گے۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ حکومت سموگ کے مسئلے سے نمٹنے کے لیے جدید ٹیکنالوجی اور مؤثر حکمت عملی پر عمل پیرا ہے۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ سموگ ایکشن پلان پر مؤثر عملدرآمد یقینی بنایا جائے تاکہ فضائی آلودگی میں کمی لائی جا سکے اور شہریوں کو بہتر ماحول فراہم کیا جا سکے۔