لاہور،کراچی : رمضان المبارک کا آخری عشرہ شروع ہوتے ہی ملک بھر کی مساجد میں لاکھوں فرزندانِ اسلام اعتکاف بیٹھ گئے۔ مسجد الحرام اور مسجد نبوی ﷺ میں اس سال مجموعی طور پر 15 ہزار افراد کو اعتکاف کی سعادت ملی ہے۔ عصر اور مغرب کے درمیان لاکھوں معتکفین اللہ کی رضا کے لیے مساجد میں گوشہ نشین ہوئے، جہاں وہ عید کا چاند نظر آنے تک قیام کریں گے۔
معتکفین آخری عشرے کی طاق راتوں میں لیلۃ القدر کی تلاش اور ملک کی سلامتی و خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں مانگیں گے۔ پنجاب، سندھ، خیبر پختونخوا اور بلوچستان کی حکومتوں نے مساجد کے لیے سکیورٹی اور بجلی کی بلاتعطل فراہمی کے خصوصی احکامات جاری کر رکھے ہیں۔