لاہور : 'معرکہ حق' کی عظیم الشان کامیابی کا ایک سال مکمل ہونے پر واہگہ بارڈر لاہور پر ایک یادگار تقریب منعقد ہوئی، جس میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے شرکت کر کے قومی دفاع کے ہیروز کی شجاعت کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
تقریب میں صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری اور دیگر حکومتی اراکین بھی موجود تھے۔ اس موقع پر واہگہ بارڈر پر عوامی جذبات عروج پر تھے؛ شہریوں کی کثیر تعداد نے 'پاکستان زندہ باد' کے نعروں سے فضا کو معطر کر دیا اور اپنے جوانوں کے ساتھ یکجہتی کا بھرپور اظہار کیا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے یادگارِ شہدا پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ 'معرکہ حق' ہماری دفاعی تاریخ کا وہ درخشاں باب ہے جو آنے والی نسلوں کو بھی وطن کی حرمت پر مٹ مٹنے کا درس دیتا رہے گا۔ انہوں نے تقریب میں موجود غازیوں کے بلند حوصلے کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ آج کا دن دشمن کے لیے عبرت اور پوری قوم کے لیے فخر کا مقام ہے۔ شہریوں کی بڑی تعداد نے اس تاریخی لمحے کا گواہ بننے پر خوشی کا اظہار کیا اور ملی نغموں کی دھن پر پرچم لہرا کر قومی جوش و خروش کا مظاہرہ کیا۔