لاہور: لاہور کے علاقے فیصل ٹاؤن میں پولیس نے انوکھی وارداتوں میں ملوث ایک خطرناک گروہ کو بے نقاب کرتے ہوئے تین سگے بھائیوں کو گرفتار کر لیا ہے۔ یہ ملزمان برقعہ پہن کر خود کو میاں بیوی ظاہر کرتے تھے تاکہ کسی کو شک نہ ہو۔
پولیس کے مطابق یہ گرفتاریاں جدید ٹیکنالوجی اور سی سی ٹی وی فوٹیجز کی مدد سے عمل میں لائی گئیں۔ چند روز قبل فیصل ٹاؤن میں ایک گھر کے اندر اہل خانہ کو یرغمال بنا کر لوٹ مار کی گئی تھی۔
فیصل ٹاؤن پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان سے تفتیش کا عمل جاری ہے اور ان سے لوٹا گیا مالِ مسروقہ برآمد کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ اس گرفتاری سے علاقے میں اسٹریٹ کرائم اور ڈکیتی کی دیگر وارداتوں کے سراغ ملنے کی بھی توقع ہے۔